کراچی: جمعہ کو شاہراہ فیصل اور جناح اسپتال کے باہربم دھماکوں میں شہید ہونے والے عزادارا ن حسین ، شہریوں اور ایم کیوایم کے کارکنان کے ایصال ثواب کیلئے متحدہ قومی موومنٹ کے تحت کراچی میں قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد کئے گئے اور شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔اس سلسلے کا مرکزی اجتماع ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پر ہوا جس میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر انیس احمد قائم خانی ، رابطہ کمیٹی کے اراکین شعیب بخاری ، شاہد لطیف ، کنور خالد یونس ، آنسہ ممتاز انوار ، سلیم تاجک ، کیف الواریٰ ، نیک محمد ،اشفاق منگی ، حق پرست وزراء ، ارکان قومی وصوبائی اسمبلی ، ٹاؤن ناظمین مختلف مسالک کی انجمنوں کے رہنماؤں ، عہدیداران، ایم کیوایم کے ذمہ داران ، ہمدردوں اور شہداء کے عزیز و اقارب نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔اس موقع پرمولانا سعید قمر قاسمی نے اجتماعی دعا کی۔بعدازاں رہنماؤں نے قبرستان جاکر شہداء کی قبروں پر حاضری دی اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں اورفاتحہ خوانی بھی کی ۔دریں اثناء بم دھماکے میں شہید ہونے والے حق پرست ناظم محمد خلیل ولد ہاشم کا سوئم شہید کی رہائشگاہ واقع دہلی کالونی ڈیفنس میں ہوا جس میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان ، وزراء، ناظمین اور دیگر ذمہ داران ، ہمدردوں اور شہداء کے عزیز واقارب نے شرکت کی جبکہ بم دھماکے میں شہید ہونے والے ایم کیوایم لائینز ایریا سیکٹر کے کارکنان کریم ولد حکیم الدین ، محمد شفیع الدین ولد عمر الدین ، غلام مرتضیٰ ولد مستقیم عباسی ، جمیل ولد حسن رضا خان ، محمد کاشف ولد محمد حسین اور شاہد ولد بشیر کے سوئم کے اجتماعات مقامی مساجد میں منعقد ہوئے جن میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان سیکٹر کمیٹی ارکان، کارکنان اور شہداء کے عزیزواقارب شریک ہوئے۔
Post your comment