کراچی : سانحہ شارع فیصل اور جناح اسپتال کی تحقیقات پر مامور اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی ٹیم نے اتوار کو شارع فیصل اور جناح اسپتال کے باہر کرائم سین کا دوبارہ معائنہ کیا اور بعض شواہد اکٹھے کئے۔ مذکورہ ٹیم میں شامل ایس ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) راجہ عمر خطاب کے مطابق تحقیقاتی ٹیم ابھی کوئی نتیجہ اخذ نہیں کرسکی ہے۔ ٹیم نے جناح اسپتال کے کیمرے سے ریکارڈ شدہ سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھ لی ہے جبکہ سٹی گورنمنٹ کی ریکارڈ شدہ فوٹیج بھی حاصل کرلی ہے جبکہ شارع فیصل پر موجود بینکوں سے بھی فوٹیج لیکر ان کا جائزہ لیا جائے گا۔ دریں اثناء کیپٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) کراچی وسیم احمد نے کہا ہے کہ شہدائے کربلا کے چہلم پر کراچی میں ہونے والے بم دھماکوں میں کسی بیرونی ہاتھ کے ملوث ہونے کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا تاہم ابھی کوئی حتمی رائے قائم نہیں کی جاسکتی، البتہ یہ بات طے ہے کہ مذکورہ دونوں دھماکے پلانٹڈ تھے۔ اتوار کی شب جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تفتیشی ٹیمیں مختلف پہلوؤں سے تفتیش کررہی ہیں۔
Post your comment