کراچی : مختلف شیعہ تنظیموں سے تعلق رکھنے والے کارکنوں نے چہلم کے موقع پر دھماکوں کے خلاف اتوار کو ابوالحسن اصفہانی روڈ اور فائیو اسٹار چورنگی نارتھ ناظم آباد میں باب العلم کے سامنے احتجاجی دھرنا دیکر ٹریفک معطل کردیا۔ مظاہرین نے بم دھماکوں میں ملوث ملزمان کی گرفتاری، یوم عاشور سمیت چہلم کے ان بم دھماکوں کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے اسیران اہل تشیع کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا جبکہ مظاہرین ماتم بھی کرتے رہے۔ مظاہرین نے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے سڑک پر دھرنا دیا۔ اس موقع پر خواتین کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر علامہ شہنشاہ نقوی نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں سب سے پہلے جناح اسپتال پہنچا، سیمی جمال نے مجھ سے کہا کہ آپ اندر بیٹھ جائیں، باہر محفوظ نہیں ہے، ایک ڈاکٹر کو معلوم تھا پھر انہیں کیوں معلوم نہیں ہوسکا کہ جناح اسپتال میں بھی تخریب کاری ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرے اور لوگوں کی جانیں بچائے۔
Post your comment